ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کاروار کائیگا پلانٹ نمبر1 یونٹ میں بھاری پانی سے مسلسل بجلی تیارکرنے کا عالمی ریکارڈ

کاروار کائیگا پلانٹ نمبر1 یونٹ میں بھاری پانی سے مسلسل بجلی تیارکرنے کا عالمی ریکارڈ

Thu, 25 Oct 2018 17:20:36  SO Admin   S.O. News Service

کاروار25؍اکتوبر(ایس او نیوز)کائیگا میں قائم نیوکلیئر بجلی گھر کے یونٹ نمبر1میں بھاری پانی سے 895دنوں تک بغیر کسی رکاوٹ کے مسلسل بجلی پیدا کرتے ہوئے عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔

بھاری پانی سے بجلی پید اکرنے کے لئے قائم نیوکلیئر اینرجی پاور اسٹیشنوں کی فہرست میں کائیگا پاور اسٹیشن کا یونٹ نمبر1پوری دنیا میں دوسرایونٹ بن گیا جو اتنے عرصے تک تسلسل کے ساتھ بجلی تیار کرسکا۔عالمی ریکارڈ میں اس سے پہلے کینیڈا کے اونٹاریا میں قائم اٹامک پاور اسٹیشن نے یہ ریکارڈ اپنے نام کر رکھا تھا، لیکن اب کائیگا پلانٹ نے اس کی برابری کرلی ہے۔

خیال رہے کہ کائیگاپاور پلانٹ کی تعمیر 1986میں شروع ہوئی تھی اور 1996میں اس کی تکمیل کے ساتھ بجلی کی پیداوار شروع ہونی چاہیے تھی۔ لیکن غیر معیاری تعمیری کام کی وجہ سے 1994میں یونٹ نمبر 1کا گنبدڈھل کر زمین بوس ہوگیا تھا۔تقریباً150ٹن وزنی کانکریٹ75میٹر کی بلندی سے زمین پر بکھر گیا تھا لیکن خوش قسمتی سے اس وقت تعمیراتی کام میں مشغول مزدوروں اور دیگر عملے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا،کیونکہ اس وقت لنچ بریک چل رہا تھا۔
اس کے بعد تعمیراتی کام مکمل ہونے پر سال2000میں اس وقت کے وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی نے کائیگا نیوکلیئر پلانٹ کے 220میگاوہاٹ بجلی پید ا کرنے والے یونٹ نمبر 1اور2کو قوم کے نام وقف کردیا تھا۔

کائیگا پلانٹ کے نمبر 1یونٹ میں13مئی 2016سے 23اکتوبر2018تک یعنی جملہ 895دنوں تک مسلسل بجلی تیار ہوتی رہی اور یہ ملک کا پہلا یونٹ بن گیا جس میں اس طرح مسلسل بجلی پیدا کی گئی ہے۔ اس سے پہلے یہ مقام راجستھان کے یونٹ نمبر 5کو حاصل تھا جس میں 765دنوں تک مسلسل بجلی تیار کی گئی تھی۔
اگر عالمی پاور اسٹیشنوں کی بات کریں تو اس وقت پہلے مقام پر برطانیہ کا پاور پلانٹ ہے جس کے پاس 940دنوں تک مسلسل بجلی تیار کرنے کا ریکارڈ ہے۔لیکن یہ پاور اسٹیشن بھاری پانی سے نہیں بلکہ گیس کے ذریعے بجلی پیدا کرتا ہے۔


Share: